واشنگٹن: انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس سے صارفین کو نامعلوم نمبروں سے موصول ہونے والے پیغامات کو روکنے میں مدد ملے گی۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹس کے مطابق، ایپ کے ماہرین اس فیچر پر کام کر رہے ہیں، جس کے تحت نامعلوم نمبروں سے آنے والے پیغامات براہ راست ٹیکسٹ کی صورت میں نظر نہیں آئیں گے۔ اس کے بجائے، یہ پیغامات درخواست کی شکل میں آئیں گے، بالکل ویسے ہی جیسے انسٹاگرام پر نامعلوم افراد کے میسیجز درخواست کے طور پر آتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، یہ نیا فیچر واٹس ایپ کی پرائیویسی سیٹنگز میں ایڈ کیا جائے گا، اور صارفین کو اسے فعال کرنے کے لیے سیٹنگز میں جا کر اس فیچر کو آن کرنا ہوگا۔ ایک بار اس فیچر کے فعال ہونے کے بعد، صارفین کو نامعلوم نمبروں سے آنے والے پیغامات پر مزید کنٹرول مل جائے گا، اور وہ فیصلہ کر سکیں گے کہ ان پیغامات کو دیکھنا ہے یا نہیں۔
اس وقت، واٹس ایپ پر پہلے ہی ایسے نمبروں سے گروپ میں شامل ہونے کی دعوت ملتی ہے جو آپ کے فون کی کانٹیکٹ لسٹ میں نہیں ہوتے۔ اسی طرح، یہ نیا فیچر بھی صارف کو نامعلوم نمبروں سے آنے والے پیغامات کو درخواست کی صورت میں وصول کرنے کی اجازت دے گا، تاکہ وہ پہلے فیصلہ کر سکیں کہ ان پیغامات کو قبول کرنا ہے یا نہیں۔
واٹس ایپ کے ماہرین فی الحال اس فیچر پر کام کر رہے ہیں، اور امکان ہے کہ جلد ہی اس کی آزمائش شروع کر دی جائے گی، جس کے بعد اسے صارفین کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔