اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم کے استثنیٰ سے متعلق سینیٹ میں پیش کی گئی ترمیم کو واپس لینے کی ہدایت دے دی ہے۔ یہ اعلان وزیرِ اعظم نے اپنے دورہ آذربائیجان سے واپسی پر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے بتایا کہ انہیں یہ معلوم ہوا کہ ان کی پارٹی کے کچھ سینیٹرز نے وزیراعظم کے استثنیٰ کی ترمیم سینیٹ میں پیش کی تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ترمیم کابینہ سے منظور شدہ مسودے میں شامل نہیں تھی، اور نہ ہی اس پر ان کی کسی قسم کی رضامندی تھی۔
شہباز شریف نے اس موقع پر معزز سینیٹرز کے خلوص کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ترمیم واپس لینے کی ہدایت دے دی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ منتخب وزیراعظم ہمیشہ قانون اور عوام کی عدالت میں جواب دہ ہوتے ہیں، اور اس معاملے میں ان کی حکومت کی کوئی نیت نہیں کہ کسی استثنیٰ کی صورت میں قانون سے بالاتر ہو۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے فیصلے سے وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔