Get Alerts

پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کا چھٹا ٹائٹل جیت لیا

 پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کا چھٹا ٹائٹل جیت لیا

ہانگ کانگ : پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کا چھٹا ٹائٹل جیت لیا، فائنل میں پاکستان نے کویت کو 43 رنز سے شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان سب سے زیادہ مرتبہ ہانگ کانگ سکسز ٹائٹل جیتنے والی ٹیم بن گئی، اور آخری بار یہ کامیابی 2011 میں حاصل کی تھی۔

فائنل میں کویت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ عبدالصمد نے 42 رنز بنائے، خواجہ نافع نے 22 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ شاہد عزیز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ معاذ صداقت اور محمد شہزاد نے بالترتیب 10 اور 4 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

کویت کی ٹیم 136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 92 رنز ہی بنا سکی، اور یوں پاکستان نے 43 رنز سے فتح حاصل کی۔

پاکستان نے اس سے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف ایک رن سے شکست دی تھی، جبکہ کویت نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 37 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

ٹیگز: