حارث سہیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

حارث سہیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

دبئی : قومی کرکٹر حارث سہیل نے ٹیسٹ سیریز میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔انہوں نے دوسری اننگز میں صرف ایک اوور کروا کر 3 وکٹیں حاصل کیں جو کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا کی دوسری اننگز کے 26ویں اوور میں کپتان سرفراز احمد نے انہیں باولنگ کیلئے متعارف کرایا تو مہمان ٹیم نے سات وکٹ کے نقصان پر 95 رنز بنائے تھے۔28 سالہ اسپنر نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنے اوور کی پہلی ہی گیند پر رنگنا ہیراتھ کو آوٹ کرنے کے بعد چوتھی گیند پر وکٹوں کے عقب میں موجود سرفراز کی مدد سے مینڈس کو بھی چلتا کردیا۔
اوور کی آخری گیند پر انہوں نے نووان پرادیپ کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا جو وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کے جرم میں آوٹ قرار دیا گیا۔اس کے ساتھ ہی جہاں سری لنکن ٹیم کی اننگز 96 رنز پر تمام ہوئی وہیں اوور میں اک رنز کے عوض تین وکٹیں لینے والے حارث نے نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی اننگز میں ایک اوور کا سب سے بہترین اسپیل ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ سابق ویسٹ انڈین بلے باز رام نریش سروان کے پاس تھا جنہوں نے 2002 میں بھارت کے خلاف برج ٹاون ٹیسٹ میں ایک اوور میں ایک رن دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔