لاہور: لاہور میں اورنج لائن ٹرین اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے درختوں کی کٹائی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور شہر میں درختوں کی کٹائی سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے، درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ پنجاب حکومت سپریم کورٹ میں ایک درخت کاٹنے کے بدلے 10 درخت لگانے کا بیان دے چکی ہے۔
اس کے علاوہ درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیا ر کیا گیا ہے کہ اورنج لائن ٹرین اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کہ مد میں درختوں کی کٹائی کی جا رہی ہے،عدالت درختوں کی کٹائی کے حوالے سے محکمے کو پالیسی پر عملدرآمد کا حکم دے۔ دوسری جانب محکمہ ماحولیات کی جانب سے عدالت میں جواب داخل نہیں کرایا گیا جس پر عدالت نے محکمہ ماحولیات کو جواب داخل کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔