یروشلم: اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر دستخط کے بعد اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے اس پیش رفت پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران نیتن یاہو نے کہا کہ یہ معاہدہ اسرائیل کے لیے ایک سفارتی کامیابی اور قومی و اخلاقی فتح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سنگِ میل فوجی کارروائیوں، امریکا کے تعاون اور صدر ٹرمپ کی کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہوا۔
نیتن یاہو نے ٹرمپ کی قیادت، ان کی شراکت داری اور اسرائیل کے تحفظ کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "ہم صدر ٹرمپ کے دوست ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔"
اسرائیلی وزیراعظم ہاؤس کے مطابق نیتن یاہو نے امریکی صدر کو اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) سے خطاب کی دعوت بھی دی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس نے امریکا کی تجویز کردہ غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے ہیں۔ امریکی صدر کے مطابق اس معاہدے کے تحت تمام یرغمالیوں کی جلد رہائی عمل میں لائی جائے گی اور اسرائیلی فوج متفقہ لائن تک پیچھے ہٹ جائے گی۔