Get Alerts

سکیورٹی فورسز  کا ڈی آئی خان  میں انٹیلی جنس  بیسڈ آپریشن  ،بھارتی اسپانسرڈ  7  خوارج جہنم  واصل، میجر سبطین حیدر شہید

سکیورٹی فورسز  کا ڈی آئی خان  میں انٹیلی جنس  بیسڈ آپریشن  ،بھارتی اسپانسرڈ  7  خوارج جہنم  واصل، میجر سبطین حیدر شہید

راولپنڈی :  پاک فوج کی سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کارروائی کرتے ہوئے 7دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوج کا بہادر افسر میجر سبطین حیدر شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بھارتی حمایت یافتہ "فتنہ الخوارج" گروہ سے تعلق رکھتے تھے اور سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی میں دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

میجر سبطین حیدر کوئٹہ کے رہائشی تھے اور تقریباً 30 سال کی عمر میں اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ آئی ایس پی آر نے ان کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے شہید میجر سبطین حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے اہل خانہ کے لیے صبر و تحمل کی دعا کی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے کردار پر فخر کرتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مکمل فتح تک جاری رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی میجر سبطین حیدر کی شہادت پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی قربانی کو بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے خلاف ایک مثال قرار دیا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں کو مکمل طور پر صفایا کیا جا سکے۔

ٹیگز: