Get Alerts

اسرائیل غزہ امن معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے، حماس

اسرائیل غزہ امن معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے، حماس

غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حال ہی میں طے پانے والے غزہ امن معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے۔

امن معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط کے بعد جاری کیے گئے اپنے پہلے باضابطہ بیان میں حماس نے کہا کہ یہ معاہدہ غزہ میں جنگ کے خاتمے، اسرائیلی فوج کے انخلا، انسانی امداد کی فراہمی اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق ہے۔

بیان میں حماس نے امریکی صدر، عرب ثالثوں اور بین الاقوامی فریقوں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کو معاہدے کی شرائط پر سختی سے عمل کرنے کا پابند بنائیں اور اسے کسی بھی تاخیر یا وعدہ خلافی سے روکیں۔

تنظیم نے واضح کیا کہ وہ اپنے وعدوں پر قائم رہے گی اور فلسطینی عوام کے آزادی، خود مختاری اور حقِ خودارادیت کے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس نے حال ہی میں امریکا کی تجویز کردہ غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کیے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ اس معاہدے کے تحت تمام یرغمالیوں کی رہائی اور اسرائیلی فوج کا متفقہ لائن تک انخلا عمل میں لایا جائے گا۔

ٹیگز: