اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ معاہدے کو مستقل جنگ بندی اور دیرپا امن کے قیام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں امن قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے معاہدے کے پہلے مرحلے پر اتفاق کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں فوری طور پر جنگ بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی، اور غزہ تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے صدر ٹرمپ، قطر، مصر اور ترکی کی اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے کہ فلسطین کی آزاد ریاست 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہونی چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ غزہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن قائم کرنے کا تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لیے اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی کوشش عالمی امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔