Get Alerts

قومی خزانے پر بوجھ بننے والے سرکاری اداروں کی نجکاری جلد مکمل کی جائے،وزیراعظم

 قومی خزانے پر بوجھ بننے والے سرکاری اداروں کی نجکاری جلد مکمل کی جائے،وزیراعظم

اسلام آباد :  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ نجکاری کے عمل میں ادارہ جاتی تاخیر یا سرخ فیتے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ وہ خود اس پورے عمل کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔

یہ بات وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کہی گئی، جس میں مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران 24 میں سے 15 اداروں کی نجکاری سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ نجکاری کے عمل میں قومی مفاد، شفافیت اور اداروں کی پیشہ وارانہ استعداد میں بہتری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ بہترین اور شفاف معاہدے طے کیے جا سکیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں کی اندرونی استعداد کار بڑھانے کے لیے جامع حکمتِ عملی کے تحت فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اور غیر فعال سرکاری اداروں کی نجکاری کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ انتظامی و ادارہ جاتی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نجکاری کے عمل کی پیش رفت پر باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیے جائیں گے اور وہ خود اس کی نگرانی کریں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

ٹیگز: