اسلام آباد: گوگل نے پاکستانی طلباء کے لیے ایک اہم تعلیمی پیشکش کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طالب علموں کو "گوگل اے آئی پرو پلان" کی ایک سالہ رکنیت بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔
یہ پروگرام خاص طور پر ان طلباء کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جو تعلیم، تحقیق اور تخلیقی منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ اس سبسکرپشن کے ذریعے طالب علم گوگل کی جدید ترین اے آئی خصوصیات، جیسے Gemini 2.5 Pro ماڈل، NotebookLM، اور AI-integrated Google Apps تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
گوگل کی اس پیشکش میں شامل نمایاں فیچرز درج ذیل ہیں:
جیمنائی 2.5 پرو ماڈل: طلباء کو جدید ریسرچ ٹولز اور اے آئی فیچرز تک رسائی حاصل ہو گی جو تعلیمی تحقیق، اسائنمنٹس اور تخلیقی منصوبوں میں مدد فراہم کریں گے۔
جی میل، ڈاکس، سلائیڈز، اور میٹ جیسی ایپس میں اے آئی معاونت شامل کی گئی ہے تاکہ طلباء ای میل کا خلاصہ بنا سکیں، پریزنٹیشنز تیار کر سکیں، اور ڈیٹا کا مؤثر تجزیہ کر سکیں۔
NotebookLM: گوگل کا ذاتی نوعیت کا اے آئی ریسرچ ٹول جو آڈیو، ویڈیوز، نوٹس، اور دیگر ذرائع سے مواد کا تجزیہ کر کے طلباء کی تحقیق کو بہتر بناتا ہے۔
ویو (Veo) اور فلو (Flow): تحریر یا تصاویر سے ویڈیوز بنانے جیسے جدید کریئیٹو فیچرز بھی دستیاب ہوں گے۔
2 ٹی بی کلاؤڈ اسٹوریج: گوگل ڈرائیو، جی میل اور فوٹوز کے لیے اضافی سٹوریج فراہم کی جائے گی، تاکہ طلباء اپنا تعلیمی مواد مؤثر طریقے سے محفوظ رکھ سکیں۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس کے وسیع تر مشن کا حصہ ہے، جس کا مقصد طلباء کو ایسی ٹیکنالوجی تک رسائی دینا ہے جو نہ صرف ان کی تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنائے بلکہ ان کی تخلیقی قوت کو بھی اجاگر کرے۔