Get Alerts

جیل میں قید شخص دہشت گردوں کا چیف سپانسر ہے، پی ٹی آئی کا ٹولہ سہولت کار ہے: عطا تارڑ

جیل میں قید شخص دہشت گردوں کا چیف سپانسر ہے، پی ٹی آئی کا ٹولہ سہولت کار ہے: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جیل میں قید ایک شخص دہشت گردوں کا چیف اسپانسر ہے، جس کے دورِ حکومت میں نیشنل ایکشن پلان کو غیر مؤثر بنا کر دہشت گردوں کو ملک میں واپس لا کر بسایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا پورا ٹولہ ریاست دشمن عناصر کا سہولت کار ہے اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ لندن کی عدالت کا حالیہ فیصلہ پی ٹی آئی کے لیے ایک واضح شکست ہے اور یہ ریاست مخالف بیانیے پر ایک طمانچہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ملک کی پالیسی اسلام آباد میں ہی بنے گی، نہ کہ افغانستان میں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے دہشت گردوں سے نرم رویہ اپنایا اور ان کے بیانات ماضی میں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ ان عناصر کو "اچھے لوگ" سمجھتے تھے جن سے مذاکرات کیے جانے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ نہتے شہریوں، سکولوں اور مساجد کو نشانہ بناتے ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو صرف اس لیے ہٹایا گیا کہ وہ دہشت گردوں کی مناسب سہولت کاری نہیں کر پا رہے تھے۔ ان کے مطابق، جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا کیونکہ وہ مراد سعید کا قریبی ساتھی ہونے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ بھی رکھتے تھے۔ سہیل آفریدی کو اس لیے لایا گیا تاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو مکمل سپورٹ فراہم کی جا سکے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاستی اور قومی اداروں کے خلاف بیانیہ اب دم توڑ چکا ہے، اور عوام اب ایسے عناصر کے مکروہ عزائم کو سمجھ چکے ہیں۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کی ہر ریاست مخالف سازش بین الاقوامی عدالتوں اور فورمز پر ناکام ہوئی ہے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر عطا تارڑ نے شہداء وطن کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں پر فخر کرتی ہے۔ وزیراعظم اور فوجی قیادت شہداء کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے اور ان کے اہلِ خانہ کے جذبے کو سلام پیش کیا۔

ٹیگز: