Get Alerts

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے سمیت کئی اہم امور کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم نے اجلاس میں کابینہ اراکین کو اپنے سعودی عرب، قطر، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اور ملائیشیا کے سرکاری دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے زیرِ استعمال 15 ناقابلِ پرواز ہوائی جہاز (8 سیسنا اور 7 فلیچر) مختلف تعلیمی و تحقیقی اداروں کو یادگاری یا نمائش کے مقاصد کے لیے عطیہ کرنے کی منظوری دی گئی۔ جبکہ چار قابلِ پرواز بیور طیارے ٹڈی دل کے خلاف آپریشنز کے لیے محکمے کے استعمال میں برقرار رہیں گے۔ بتایا گیا کہ ان جہازوں کی نیلامی کے سابقہ اقدامات کامیاب نہیں ہو پائے تھے۔

کابینہ نے وزارتِ آبی وسائل کی سفارش پر واپڈا سیکیورٹی فورس ایکٹ 2025 کے تحت ایک نئی خصوصی سیکیورٹی فورس کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی، جو واپڈا کے اہم ڈیموں اور پن بجلی منصوبوں کی حفاظت کرے گی۔

مزید برآں، کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 2 اکتوبر 2025 کے اجلاس اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 22 ستمبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

تاہم، کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آلٹرنیٹ میڈیسن اینڈ ہیلتھ پراڈکٹس اینلسمینٹ رولز 2014 میں مجوزہ ترامیم پر غور کے لیے ایک خصوصی کمیٹی مزید مشاورت کرے گی۔

ٹیگز: