اسلام آباد: نادرا نے اپنی جدید پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) اور دیگر دستاویزات کے حصول کا پورا نظام ڈیجیٹل کر دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو نادرا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی۔
نادرا کے ترجمان سید شباہت علی کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ نے عوام کے لیے شناختی خدمات کے روایتی طریقہ کار کو یکسر بدل دیا ہے۔ اب شہری گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق، دستاویزات کی اپ لوڈنگ اور درخواست کی ٹریکنگ سمیت تمام مراحل اسمارٹ فون پر مکمل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایپ متعارف ہونے کے صرف تین ماہ کے دوران 12 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ اب تک ایک کروڑ سے زیادہ صارفین ایپ ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ اس کے نتیجے میں یہ ایپ پاکستان کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی عوامی سروسز میں شامل ہو گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے روزانہ اوسطاً 10 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے جا رہے ہیں، جس سے عوامی سہولت اور نادرا کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سہولت کے آغاز کے بعد نادرا کو ڈیجیٹل درخواستوں میں 45 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام تیزی سے ڈیجیٹل شناختی نظام پر منتقل ہو رہے ہیں۔
نادرا کی یہ جدید ڈیجیٹل سروس پاکستان کو ای گورننس اور اسمارٹ سروسز کی سمت ایک بڑا قدم آگے لے جا رہی ہے، جو مستقبل میں کاغذی کارروائی کے خاتمے اور ڈیجیٹل شہری سہولتوں کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔