شام امن مذاکرات کا چھٹا دور ستمبر میں شروع ہوگا: روس

شام امن مذاکرات کا چھٹا دور ستمبر میں شروع ہوگا: روس

ماسکو:روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے گزشتہ روز اپنے فرانسیسی ہم منصب جین یوس لی ڈرائن کے ساتھ ماسکو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شام امن مذاکرات کا چھٹا دور ستمبر میں شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے گزشتہ روز اپنے فرانسیسی ہم منصب سے بات چیت کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ آستانہ عمل سے منسلک شام امن مذاکرات کے چھٹے دور کا انعقاد 13 ستمبر کو قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں کیا جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شامی بحران کے سفارتی حل اور دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے حوالے سے روس اور فرانس مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو اور پیرس کی خواہش ہے کہ شام کے بحران کا حل آستانہ اور جنیوا عمل کے ذریعے نکالا جائے۔روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ آستانہ میں 13 سے 15 ستمبر تک شام امن مذاکرات کے چھٹے دور کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شامی علاقے ادلیب میں امن زون کے قیام پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، روس اور ترکی کے مشترکہ تعاون سے ا?ستانہ عمل کی شکل میں گزشتہ سال سے شامی امن مذاکرات کا آغاز ہوا ہے.