اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت فنانس پلان پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم اپنا گھر سکیم، زراعت اور چھوٹے و درمیانے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کے لیے سستی ہاؤسنگ کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں فنانس پلان کے تحت مختلف شعبوں کے لیے مالی سہولیات کی فراہمی اور اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔