اسلام آباد / سنگاپور / نئی دہلی: پاکستان کی حالیہ متحرک سفارتکاری اور عالمی سطح پر ملنے والی بڑی کامیابیوں نے بھارت کے سیاسی ایوانوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ سنگاپور کے معروف جریدے "دی اسٹریٹس ٹائمز" (The Straits Times) نے مودی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی پر بھارتی عوام اور سیاستدانوں کی کڑی تنقید کو بے نقاب کر دیا ہے۔
سنگاپور کے جریدے نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان جس طرح عالمی سطح پر تنہائی سے نکل کر دوبارہ ایک اہم "ثالث" (Mediator) کے طور پر ابھرا ہے، اس نے بھارتی بیانیے کو بری طرح شکست دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مودی حکومت کی پاکستان کو تنہا کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ عالمی طاقتیں اب پاکستان کی بات سن رہی ہیں اور اسے خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دے رہی ہیں۔
پاکستان کی سفارتی جیت پر بھارتی سیاستدانوں نے اپنی ہی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔ مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بھارتی اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے جبکہ پاکستان عالمی برادری کا مرکز بن گیا ہے۔ بھارتی میڈیا اور پارلیمنٹ میں مودی سرکار پر یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ پاکستان کو تنہا کرنے کے دعوے کرنے والے اب عالمی وفود کو پاکستان جاتے کیوں دیکھ رہے ہیں؟۔
پاکستان کی جانب سے غیر ملکی صحافیوں اور وفود کے لیے "ویزہ آن ارائیول" جیسے اقدامات اور خطے میں عارضی جنگ بندی کے کامیاب معاہدے نے بھارت میں مایوسی پھیلا دی ہے۔ بھارتی تجزیہ کار اعتراف کر رہے ہیں کہ پاکستان نے اپنی سفارتی مہارت سے نہ صرف اپنا امیج بہتر کیا بلکہ بھارت کے سخت گیر موقف کو بھی عالمی سطح پر غیر موثر کر دیا ہے۔