Get Alerts

پاکستان کی سفارتی فتح، بھارت میں صفِ ماتم: مودی کی خارجہ پالیسی ناکام، کانگریس نے کڑے سوالات اٹھا دیے

پاکستان کی سفارتی فتح، بھارت میں صفِ ماتم: مودی کی خارجہ پالیسی ناکام، کانگریس نے کڑے سوالات اٹھا دیے

نئی دہلی/اسلام آباد :ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کامیاب کردار نے بھارتی سیاست میں بھونچال پیدا کر دیا ہے۔ بھارتی اپوزیشن نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے بھارت کی بڑی سفارتی سبکی قرار دیا ہے۔
بھارتی اخبار دکن ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق، انڈین نیشنل کانگریس کے سینئر رہنما جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں مودی حکومت پر سخت تنقید کی۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ پاکستان کا بطور ثالث عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا مودی سرکار کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مودی کو طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ "نمستے ٹرمپ" جیسی پرتعیش مہمات چلانے کے باوجود واشنگٹن نے بھارت کے بجائے پاکستان کو اس حساس مشن کے لیے موزوں سمجھا، جو کہ مودی کی ذاتی ڈپلومیسی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سیاسی قیادت کی معاونت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ماہرین کے مطابق، ایران اور امریکہ کو ایک میز پر بٹھانا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے جس نے خطے میں بھارت کے اس بیانیے کو دفن کر دیا ہے جو پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
 اس وقت بھارتی حکومت کو داخلی محاذ پر شدید تنقید کا سامنا ہے، کیونکہ اپوزیشن اسے بھارت کی علاقائی تنہائی سے تعبیر کر رہی ہے۔پاکستان کی اس پیشرفت نے نہ صرف عالمی سطح پر اس کا وقار بلند کیا ہے بلکہ بھارت میں مودی حکومت کی ان پالیسیوں کو بھی بے نقاب کر دیا ہے جن کا مقصد پاکستان کو عالمی سفارت کاری سے باہر رکھنا تھا۔ اب نئی دہلی میں مودی کی "پڑوسی پہلے" (Neighbors First) پالیسی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

ٹیگز: