Get Alerts

پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن، 18 غیر ملکی افراد بحفاظت بچا لیے گئے

پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن، 18 غیر ملکی افراد بحفاظت بچا لیے گئے

اسلام آباد: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں بروقت اور کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 18 غیر ملکی افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب تجارتی بحری جہاز ایم وی گولڈ آٹم کی جانب سے ہنگامی سگنلز موصول ہوئے۔

ہنگامی اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور جہاز پر موجود 18 افراد کو محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا۔ ریسکیو کیے گئے افراد کا تعلق چین، بنگلا دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے شاندار پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن مکمل کیا۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی یا متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی اور آگ بجھانے کے عمل میں بھی معاونت کی۔

مزید بتایا گیا کہ پاک بحریہ نے صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد تمام عملے کو بحفاظت کراچی منتقل کیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور ان کی اپنے ممالک واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک بحریہ ہر قسم کی سمندری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔
 

ٹیگز: