تہران: ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں بہتری کے آثار سامنے آنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت کم ہو کر تقریباً 97 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جبکہ برینٹ خام تیل بھی کمی کے رجحان کے ساتھ 95.37 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جاری سفارتی مذاکرات نے توانائی کی عالمی مارکیٹ پر فوری اثر ڈالا ہے۔ سرمایہ کار اس وقت محتاط حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں اور کسی بڑی پیش رفت کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور جغرافیائی کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا تھا، تاہم تازہ مذاکرات نے مارکیٹ کو وقتی طور پر استحکام فراہم کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں سفارتی پیش رفت اور عالمی اقتصادی صورتحال تیل کی قیمتوں کی سمت کا تعین کرے گی، جبکہ عالمی منڈیاں اس پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔