دوحہ/بغداد: قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے بین الاقوامی توانائی بازار میں بے یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ - WTI) کی قیمت میں 7.22 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد یہ 68.51 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔ اسی طرح برطانوی خام تیل (برینٹ آئل) کی قیمت 7.18 فیصد کی کمی کے بعد 71.48 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
عراق میں تیل کمپنیاں محتاط، غیر ملکی عملہ نکالنے کا آغاز
ادھر عراق میں کام کرنے والی متعدد بین الاقوامی تیل کمپنیوں نے حفاظتی اقدامات کے تحت اپنا غیر ملکی عملہ نکالنا شروع کر دیا ہے۔ عراقی حکام کے مطابق ٹوٹل انرجیز سمیت کم از کم تین بڑی کمپنیوں نے اپنے غیر ملکی ملازمین کو عارضی طور پر واپس بلا لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عملے کی واپسی کے باوجود عراق میں تیل کی پیداوار یا اس سے متعلق سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئی ہیں، اور حالات پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی توانائی منڈی کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف تیل کی قیمتوں بلکہ عالمی معیشت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔