افغانستان کا دفاع افغان سیکیورٹی فورسز پر منحصر ہے: امریکہ

افغانستان کا دفاع افغان سیکیورٹی فورسز پر منحصر ہے: امریکہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: امریکہ نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے چھٹے صوبائی دارالحکومت پر قبضے کے بعد یہ افغان سیکیورٹی فورسز پر منحصر ہے کہ وہ ملک کا دفاع کریں۔ 
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ کا فوجی مشن افغانستان میں 31 اگست کو ختم ہو جائے گا، افغانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا اور وہ امریکہ کی ایک اور نسل کو 20 سالہ جنگ کیلئے مختص نہیں کریں گے۔
پیر کو محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل داد قطر کیلئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ طالبان پر اپنی جارحیت ختم کرنے اور سیاسی حل کیلئے بات چیت کرنے پر زور دیں گے۔ 
محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تین روزہ مذاکرات میں حکومتی نمائندے اور کثیرالجہتی ادارے تشدد میں کمی، جنگ بندی اور طاقت کے زور پر حکومت قبول نہ کروانے پر زور دیں گے۔