Get Alerts

شہباز شریف کا اکتوبر میں دورہ جاپان متوقع ، کسی پاکستانی وزیراعظم کا 20 برس بعد پہلا جاپانی دورہ ہوگا

شہباز شریف کا اکتوبر میں دورہ جاپان متوقع ، کسی پاکستانی وزیراعظم کا 20 برس بعد پہلا جاپانی دورہ ہوگا

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اکتوبر کے پہلے ہفتے میں جاپان کا دورہ کریں گے، جو حکومتِ جاپان کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے۔ یہ دورہ 20 سال بعد کسی پاکستانی وزیراعظم کی جاپان یاترا ہوگی اور دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نیا باب کھولنے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق، اس دورے کے دوران جاپان کی جانب سے پاکستان کے لیے بڑے معاشی و تجارتی پیکج کا اعلان متوقع ہے، جس میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور برآمدات کے فروغ سے متعلق متعدد منصوبے شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ، کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

جاپان کے سفیر اکاماتسو شُوئچی نے اس دورے کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، اور اس دورے کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف جاپانی وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے، جن میں حکومت، کاروبار، تعلیم اور عوامی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی جائے گی۔

یاد رہے کہ 2005 میں اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز نے جاپان کا دورہ کیا تھا، اور اس کے بعد سے پاکستانی وزرائے اعظم کا جاپان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

اس سے قبل، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی 17 اگست کو 5 روزہ سرکاری دورے پر جاپان جائیں گی، جہاں وہ سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گی اور جاپانی حکومتی شخصیات اور کاروباری لیڈرز سے ملاقاتیں کریں گی۔

اس دورے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور تعلیمی تعلقات میں مزید بہتری کی توقع ہے، جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں۔

ٹیگز: