راولپنڈی : پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکی سینئر سیاسی و فوجی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور پاکستانی نژاد تارکین وطن سے بھی ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، فیلڈ مارشل نے ٹیمپا میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر جنرل مائیکل ای کوریلا کی ریٹائرمنٹ تقریب میں شرکت کی اور نئے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کے چارج سنبھالنے کی تقریب میں بھی حصہ لیا۔
اس موقع پر، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل کوریلا کی قیادت کی تعریف کی اور پاک امریکا عسکری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے ایڈمرل کوپر کو نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز کے حل میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دورے کے دوران، فیلڈ مارشل نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی۔ انہوں نے جنرل ڈین کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، اور اس دوران دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
آرمی چیف نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی، جس میں انہوں نے تارکین وطن کو پاکستان کے روشن مستقبل پر اعتماد رکھنے اور ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ پاکستانی نژاد امریکیوں نے پاکستان کی ترقی میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
