گوانگ ڈونگ : چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں چکن گونیا کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق صرف ایک ماہ کے دوران 8 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے باعث صحت کے ادارے چوکس ہو گئے ہیں۔
چینی حکام نے مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں مچھر مارنے کے لیے ڈرونز سے اسپرے کیا جا رہا ہے جبکہ کھلے مقامات سے ایسے برتن ہٹانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جن میں پانی جمع ہو کر مچھروں کی افزائش کا باعث بن سکتے ہیں۔
صحت کے حکام نے شہریوں کو مچھروں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی میں چکن گونیا کی مشتبہ علامات ظاہر ہوں تو فوراً قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔
ماہرین صحت کے مطابق چکن گونیا عام طور پر ایشیا، افریقا اور جنوبی امریکا میں وقتاً فوقتاً پھیلتا رہتا ہے، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ چین میں اس مرض کا اتنا تیزی سے پھیلاؤ دیکھا جا رہا ہے، جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔