ٹوکیو: جاپان میں ہونے والے ایک باکسنگ ایونٹ کے دوران شدید سر پر چوٹ لگنے کے باعث دو نوجوان جاپانی باکسرز زندگی کی بازی ہار گئے۔ 28 سالہ ہیروماسا اوراکاوا کو 2 اگست کو اپنے مقابلے کے آٹھویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ شکست کے بعد سر پر زخم آئے تھے، جن کی وجہ سے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، لیکن وہ ہفتے کے روز جانبر نہ ہو سکے۔
اسی طرح، ایک روز قبل جمعے کو 28 سالہ شیگیتوشی کوٹاری بھی مقابلے کے بعد سر پر چوٹ کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ دونوں باکسرز کے دماغ میں خون جمنے کے علاج کے لیے فوری آپریشن کیا گیا تھا، مگر بدقسمتی سے وہ بچ نہ سکے۔
ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن نے ان دونوں باکسرز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس حادثے کے بعد جاپان باکسنگ کمیشن نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب اورینٹل اینڈ پیسفک باکسنگ فیڈریشن کے تمام ٹائٹل فائٹس 12 راؤنڈز کی بجائے 10 راؤنڈز پر مشتمل ہوں گے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق، کمیشن نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ستمبر میں ایک خصوصی اجلاس بلایا جائے گا تاکہ ان المناک اموات کے پس پردہ وجوہات اور مستقبل میں حفاظتی اقدامات پر غور کیا جا سکے۔