Get Alerts

بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر

 بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر

واشنگٹن : چیف آف آرمی اسٹاف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکہ کے دورے کے دوران مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اہم خطاب کیا، جس میں انہوں نے قومی سلامتی، خطے کی صورتحال، اوورسیز پاکستانیوں کے کردار اور بھارت کی پالیسیوں پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی صرف ہنر مند افراد نہیں بلکہ پاکستان کی عزت اور وقار کا عملی عکس ہیں"اوورسیز پاکستانی برین ڈرین نہیں، بلکہ برین گین ہیں، جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔"

انہوں نے بھارت کی دوغلی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود کو ’’وشوا گرو‘‘ ظاہر کرنا چاہتا ہے، لیکن اس کی حقیقت کچھ اور ہے۔

 انہوں نے بھارت کی خفیہ ایجنسی RAW کی سرحد پار دہشتگرد سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہکینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل، قطر میں بھارتی نیوی افسران کی سزا، اور کلبھوشن یادیو جیسے کیسز بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرتے ہیں۔


فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی امتیازی اور خطرناک پالیسیوں کے خلاف کامیاب سفارتی مہم چلائی ہے، اور آئندہ بھی بھرپور انداز میں اپنا مقدمہ عالمی سطح پر لڑتا رہے گا۔


خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک تصفیہ طلب مسئلہ ہے۔"جیسا کہ قائداعظم نے فرمایا تھا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔"

انہوں نے حالیہ بھارتی کارروائیوں کو پاکستان کی خودمختاری کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ:"شرمناک بہانوں کے تحت کی گئی جارحیت نے نہ صرف بے گناہ پاکستانیوں کی جان لی، بلکہ پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔"
فیلڈ مارشل نے اس موقع پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسٹریٹجک قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤثر کردار سے پاک بھارت ممکنہ جنگ کو ٹالا گیا۔


فیلڈ مارشل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ:"پاکستان اس وقت دہشتگردی کے خلاف آخری فصیل ہے۔ دشمنوں کے لیے کوئی نرمی نہیں، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔"
انہوں نے سوشل میڈیا کے منفی استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں اسے انتشار پھیلانے کا ہتھیار بنا چکی ہیں۔


انہوں نے قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:"اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس خبر لائے، تو اچھی طرح تحقیق کر لو۔"

فیلڈ مارشل نے کہا کہ امریکہ، چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ جاری معاہدے پاکستان میں معاشی بہتری کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی اور قوم کو ان پر فخر ہے۔


خطاب کے اختتام پر انہوں نے قوم کو امید، اتحاد اور عمل کا پیغام دیتے ہوئے کہا"اب سوال یہ نہیں کہ اگر ہم اٹھیں گے، بلکہ سوال یہ ہے کہ ہم کتنی جلدی اور کتنی طاقت سے اٹھیں گے۔ ہمیں نئی سوچ اور مضبوط ارادے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔"

ٹیگز: