ملتان: پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے نیشنل چیمپئنز کپ میں حصہ لینے والی چاروں ٹیموں کے کوچز سے ملاقات کی، جس میں قومی کھلاڑیوں کی ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی بہتر بنانے اور آئندہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مائیک ہیسن اتوار کو ملتان پہنچے ہیں، جہاں وہ 11 سے 18 اگست تک ہونے والے نیشنل چیمپئنز کپ کی نگرانی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے تمام سات میچز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ڈے اینڈ نائٹ فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔
ملاقات میں پاکستان گرینز کے ہیڈ کوچ مصباح الحق، پاکستان گولڈ کے کوچ اعجاز جونیئر، پاکستان وائٹس کے کوچ اقبال امام اور پاکستان بلوز کے ہیڈ کوچ اعزاز چیمہ شریک ہوئے۔
پاکستان وائٹ بال ٹیم کے بولنگ کوچ ایشلے نوفکے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ شاہد اسلم بھی اجلاس کا حصہ تھے۔
ملاقات کے دوران قومی کھلاڑیوں کی ون ڈے کرکٹ سے متعلق صلاحیتوں کو نکھارنے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کوچز نے کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت، کھیل کی حکمت عملی اور دیگر اہم پہلوؤں پر بھی توجہ مرکوز کرنے سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔
نیشنل چیمپئنز کپ پاکستان کے 2026-27 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا ابتدائی اہم ایونٹ ہے۔ ٹورنامنٹ کو 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے تناظر میں خاص اہمیت حاصل ہے، جو جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔
مائیک ہیسن ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر مستقبل کی ون ڈے ٹیم کے لیے دستیاب ٹیلنٹ کا بھی مشاہدہ کریں گے۔