Get Alerts

رونالڈو کی شادی کی افواہ، ہزاروں مداح چرچ پہنچ گئے، اصل حقیقت نے سب کو حیران کردیا

رونالڈو کی شادی کی افواہ، ہزاروں مداح چرچ پہنچ گئے، اصل حقیقت نے سب کو حیران کردیا

لزبن: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی مبینہ شادی کی افواہ نے ان کے مداحوں میں ایسا جوش پیدا کیا کہ ہزاروں افراد میڈیرا کے شہر فنچل میں واقع کیتھیڈرل کے باہر جمع ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے رونالڈو اور ان کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگز کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں، تاہم دونوں کی جانب سے تاحال شادی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

اسی دوران یہ افواہ پھیل گئی کہ رونالڈو ہفتے کے روز میڈیرا میں جارجینا کے ساتھ شادی کرنے والے ہیں۔ خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں مداح اپنے پسندیدہ فٹبال سٹار کی ایک جھلک دیکھنے اور انہیں دولہا کے روپ میں دیکھنے کے لیے فنچل کیتھیڈرل کے باہر پہنچ گئے۔

مداح کئی گھنٹوں تک چرچ کے باہر انتظار کرتے رہے، تاہم جب بالآخر ایک نوبیاہتا جوڑا تقریب کے بعد باہر آیا تو حقیقت جان کر ہجوم حیران رہ گیا۔ چرچ سے نکلنے والا جوڑا رونالڈو اور جارجینا نہیں بلکہ پرتگالی شہری فابیو راموس اور فاطمہ نکول کونہا ٹیکسیرا تھے، جو فرانس میں مقیم ہیں اور اپنی شادی کے لیے پرتگال آئے تھے۔

نوبیاہتا جوڑے اور ان کے مہمانوں کے لیے بھی چرچ کے باہر موجود ہزاروں افراد کا ہجوم غیر متوقع منظر تھا۔ انہیں اس بات پر حیرت ہوئی کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ آخر کس کا انتظار کر رہے ہیں۔

رونالڈو کی بہن ایلما ایویرو نے بھی مداحوں کے ہجوم کی ویڈیو پر ردعمل دیا اور سوال کیا کہ خاندان کی جانب سے کسی اعلان کے بغیر لوگوں نے شادی سے متعلق افواہ پر یقین کیسے کرلیا۔

خود کرسٹیانو رونالڈو نے بھی وائرل ہونے والی ویڈیو پر ہنسی والے ایموجیز کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے صورتحال سے محظوظ ہونے کا اظہار کیا۔

دوسری جانب رونالڈو اور جارجینا کی جانب سے شادی کی تصدیق نہ کیے جانے کے باوجود برطانوی اور پرتگالی میڈیا میں یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ فنچل کیتھیڈرل مستقبل میں ان کی ممکنہ شادی کی تقریب کا مقام بن سکتا ہے۔

ٹیگز: