Get Alerts

ہر فرد کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ترجیح ہے، صدر آصف علی زرداری کا انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام

ہر فرد کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ترجیح ہے، صدر آصف علی زرداری کا انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام

اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر فرد کی عزت، مساوات اور انصاف کا تحفظ ریاست کی بنیادی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت کے احترام، وقار اور مساوات کے اصولوں پر زور دیتا ہے، اور پاکستان کا آئین ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

آصف علی زرداری نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک تھا جسے ہم آہنگی، رواداری اور وقار کی بنیاد پر قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید مضبوط اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدرِ مملکت نے خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کو ریاست کی اہم ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان طبقات کو بااختیار بنانا ایک ایسا مقصد ہے جس کے لیے حکومت مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے معاشرے میں احترام، برداشت اور باہمی وقار کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ میں سول سوسائٹی، ریاستی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کا کردار بہت اہم ہے۔

آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کو عالمی سطح پر انسانی حقوق کا دن منانے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ انسانی وقار، مساوات اور انصاف کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

آخر میں، صدرِ مملکت نے کہا کہ ہر پاکستانی کو خوف، جبر اور امتیاز سے پاک زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے کی جانے والی قومی کوششوں کو کامیاب فرمائے۔

ٹیگز: