Get Alerts

انسانی حقوق کا تحفظ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

انسانی حقوق کا تحفظ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ مسلم لیگ (ن) کا وژن اور اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ انسانی حقوق کا پہلا جامع چارٹر "خطبہ حجتہ الوداع" ہے، اور دین اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا داعی ہے۔ انہوں نے حضرت محمدؐ کی رہنمائی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام نے انسانی حقوق کا بے مثال چارٹر دے کر انسانیت پر احسان کیا، اور ان کے پیغام میں پوری انسانیت کے لئے حقوق کا ابدی پیغام موجود ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ 10 دسمبر انسانی حقوق کے بارے میں عالمی سطح پر شعور و آگاہی بیدار کرنے کا دن ہے، اور ہر انسان کو رنگ، نسل، مذہب، جنس یا حیثیت سے بالاتر ہو کر حقوق حاصل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا احترام کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کا بنیاد ہے۔

مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) کا وژن انسانیت کے حقوق کی پاسداری ہے، اور پنجاب حکومت تعلیم، صحت، مذہبی آزادی، اظہارِ رائے، اور بنیادی ضروریات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ایسے معاشرے کی تشکیل کے لئے کوشاں ہے جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع، انصاف اور عزت حاصل ہو۔

وزیراعلیٰ نے معاشرتی محبت، احترام اور رواداری کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے جبری مشقت کے خاتمے، مذہبی آزادی اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر شہری کے انسانی حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔

ٹیگز: