واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ علاقے میں استحکام اسرائیل کی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار کے مطابق، صدر ٹرمپ کا ماننا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں استحکام کا قیام خطے میں امریکی امن کے مقصد کے مطابق ہے۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے مغربی کنارے کے استحکام کو اہم سمجھتی ہے۔
دوسری جانب، برطانوی حکومت نے اسرائیلی کابینہ کے مغربی کنارے پر قبضے کو وسعت دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ برطانیہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی ساخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوں گی، اور اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایسے فیصلے واپس لے۔
پاکستان اور 8 دیگر مسلم ممالک نے بھی مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی سخت مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ اسرائیل کو ان خطرناک اقدامات سے روکنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔ مسلم ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حق نہیں اور اس کے اقدامات مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق کی کوششوں کو مزید تیز کر رہے ہیں۔