واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے معاملے پر روس اور چین کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو گرین لینڈ کا مالک ہونا چاہیے تاکہ روس یا چین وہاں اثر و رسوخ قائم نہ کر سکیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے گرین لینڈ نہیں لیا تو اس کا اگلا پڑوسی روس یا چین ہوگا، اور امریکا ان دونوں ممالک کو اپنا پڑوسی نہیں بنا سکتا۔
صدر ٹرمپ نے وینزویلا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین اور روس امریکا سے وینزویلا کا تیل خرید سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا اور امریکا کے پاس دنیا کے 55 فیصد تیل کے ذخائر موجود ہیں، جبکہ وینزویلا میں 100 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق وینزویلا کی تیل صنعت کی بحالی پر بات چیت ہوگی اور یہ طے کیا جائے گا کہ وہاں کون سی تیل کمپنیاں کام کریں گی۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ تیل کمپنیاں براہ راست امریکا سے ڈیل کریں گی، وینزویلا سے نہیں۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت سمیت آٹھ جنگیں رکوائیں، جن میں پاک بھارت جنگ بھی شامل ہے، اور اس جنگ کے دوران آٹھ طیارے گرائے گئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی وزیراعظم نے بھی اعتراف کیا ہے کہ جنگ رکوانے سے لاکھوں جانیں بچیں۔
امریکی صدر نے ایران کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران میں لوگوں کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا۔