Get Alerts

اے آئی کے ذریعے فحش مواد کے خطرات کے پیشِ نظرانڈونیشیا نے ’گروک‘ پر پابندی عائد کر دی

اے آئی کے ذریعے فحش مواد کے خطرات کے پیشِ نظرانڈونیشیا نے ’گروک‘ پر پابندی عائد کر دی

انڈونیشیا :انڈونیشیا نے ایلون مسک کے چیٹ بوٹ ’گروک‘ پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گروک پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے فحش مواد کی تیاری اور پھیلاؤ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیشِ نظر لیا گیا ہے۔ دیگر ممالک بھی اس مسئلے پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں، لیکن انڈونیشیا یہ قدم اٹھانے والا پہلا ملک ہے۔

امریکی اخبار دی گارڈین کے مطابق حکومت نے ہفتے کے روز پابندی کا اعلان کیا، اور کہا کہ فحش ڈیپ فیک مواد انسانی حقوق، وقار اور شہریوں کی ڈیجیٹل سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ وزارتِ ڈیجیٹل امور نے گروک بنانے والی کمپنی ’ایکس آئی‘ سے اس معاملے میں جواب بھی طلب کیا ہے۔

جمعرات کو ایکس آئی نے اعلان کیا تھا کہ تصاویر بنانے اور ایڈٹ کرنے کی سہولت صرف ادائیگی کرنے والے صارفین تک محدود کر دی گئی ہے، کیونکہ حفاظتی خامیوں کی وجہ سے جنسی مواد اور بچوں کی عریاں تصاویر بھی سامنے آ گئی تھیں۔

ایلون مسک نے ایکس پر واضح کیا کہ جو کوئی بھی گروک کو غیر قانونی مواد بنانے کے لیے استعمال کرے گا، اسے وہی نتائج بھگتنا ہوں گے جو غیر قانونی مواد اپ لوڈ کرنے پر ہوتے ہیں۔

انڈونیشیا میں آن لائن فحش مواد کے خلاف سخت قوانین نافذ ہیں اور اس پابندی کے اعلان کے بعد گروک نے جمعے کو عالمی ردعمل کے بعد زیادہ تر صارفین کے لیے تصویر بنانے کا فیچر بند کر دیا۔

دوسری جانب برطانیہ نے بھی ایکس پر ممکنہ جرمانے اور ریگولیٹری کارروائی کا عندیہ دیا، جبکہ آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے بھی گروک کے ذریعے فحش مواد کی تیاری پر شدید تشویش ظاہر کی۔ آسٹریلوی ای سیفٹی ادارے نے خبردار کیا کہ غیر قانونی مواد کی شناخت ہونے پر اس کے خلاف تمام قانونی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔

یہ پابندی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ جنریٹیو اے آئی کے ذریعے فحش مواد کی تیاری کے خطرات دنیا بھر میں بڑھ رہے ہیں اور سخت قواعد و ضوابط کی ضرورت ہے۔

ٹیگز: