اسلام آباد : وفاقی وزارتِ داخلہ نے ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر ملک بھر میں ڈرون کیمروں اور ریموٹ کنٹرول طیاروں (UAVs) کے اڑانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کسی بھی نجی فرد، میڈیا ہاؤس یا کمرشل ادارے کو بغیر پیشگی اجازت کے ڈرون اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ فیصلہ حساس تنصیبات، عوامی اجتماعات اور اہم شخصیات کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے اور ان کے ڈرونز قبضے میں لے لیے جائیں گے۔
تمام صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے حدود میں اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشکوک پروازوں پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔