اسلام آباد : پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد رپورٹ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کو بھی پیش کردی گئی ہے۔ رپورٹ پر آئینی اور قانونی ماہرین وزیر اعظم کو بریفنگ دے رہے ہیں۔امکان ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کچھ دیر میں قوم سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی ) کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ پر شریف خاندان کے وکلاءاور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی وزیر اعظم کے ساتھ مشاورت جاری ہے، آئینی اور قانونی ماہرین رپورٹ پر وزیر اعظم پاکستان کو بریفنگ دے رہے ہیں جبکہ مشاورت کے بعد ہی شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اپنا ردعمل دیا جائے گا۔
جےآئی ٹی کی نوازشریف اور بچوں کےخلاف نیب میں ریفرنس دائرکرنےکی سفارش
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ آج ہونے والے سماعت کو سپریم کورٹ کی جانب سے اگلے پیر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔