کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 31 جولائی تک نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں جن کے تحت بازار اور کاروباری مراکز رات 10بجے بند ہوجائیں گے جبکہ جمعہ کے روز لاک ڈاؤن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے 31 جولائی تک نئی پابندیوں کا اطلاق عمل میں لایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کاروباری مراکز رات 10بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی، ریسٹورنٹ میں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ رات 12 تک اجازت ہو گی جبکہ صرف انہی لوگوں کو ریسٹورنٹس میں داخلے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے انسداد کورونا وائرس ویکسین لگوائی ہو، اس کے علاوہ ریسٹورنٹس اور ہوٹل انتظامیہ اپنے ملازمین کو ویکسین لگوانے کا طریقہ کار اپنائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالوں میں 400 مہمانوں کے ساتھ آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہو گی، سنیما گھر رات ایک بجے تک کھلے رہیں گے اور انہی لوگوں کو جانے دیا جائے گا جو ویکسین لگوا چکے ہوں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ثقافتی، مذہبی، موسیقی کے پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، تفریحی مقامات، پارک 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی، پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائے گی جبکہ صوبے میں جمعہ کو مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔