Get Alerts

ایف آئی اے نے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیدیا

ایف آئی اے نے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے عدالت میں دئیے گئے بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف کو ہراساں نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے لاہور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو ہراساں کرنے یا بدتمیزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انہیں بڑی عزت کے ساتھ لایا گیا اور دوران تفتیش چائے کافی بھی پیش کی گئی تاہم وہ کسی بھی سوال کا سنجیدہ جواب نہیں دیتے۔
ترجمان نے کہا کہ شہباز شریف سے اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی رقم جمع ہونے سے متعلق سوال کریں تو وہ جواب دیتے ہیں کہ میں نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین چلائی، اگر یہ پوچھیں کہ ملازمین نے اربوں روپے آپ کے اور فیملی کے اکاؤنٹس میں جمع کرائے تو کہتے ہیں کہ میں نے پنجاب کی بہت خدمت کی ہے۔ 
ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایف آئی اے اگر یہ سوال پوچھے کہ گاڑیاں اور پراپرٹی کیسے بنائی؟ تو شہباز شریف کہتے ہیں کہ اس کا جواب بچوں سے پوچھیں، بیرون ممالک سے بھجوائی گئی اربوں روپے کی رقم کے بارے میں کہتے ہیں کہ ان کے وکیل جواب دیں گے، اس طرح کے جوابات دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سوال و جواب ظاہر نہ کئے جائیں۔

ٹیگز: