بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا، 48 گھنٹوں کے دوران اونچے درجے کے سیلاب کاخدشہ

بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا، 48 گھنٹوں کے دوران اونچے درجے کے سیلاب کاخدشہ
سورس: File

لاہور: حالیہ دنوں میں ہونے والی مون سون بارشوں کے بعد بھارت نے دریائے راوی میں ایک لاکھ پچاسی ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا ۔جس سے پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا، دریائے راوی کے ساتھ ملحقہ  علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مرکزی کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ دریائے چناب اور ریجن میں بہنے والے ندی نالوں میں پانی کی موجودہ صورتحال کنٹرول میں ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب اور راوی سے منسلک نالہ جات میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ دریائے راوی میں جسر کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ دریائے راوی کا سیلابی ریلا 48 گھنٹوں میں شاہدرہ لاہور پہنچے گا۔ 

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آج سے 10جولائی کے دوران ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں سےمنسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے ہدایات کی ہیں کہ دریائے راوی اور چناب سے منسلک تمام اضلاع ریلیف کیمپس کا قیام بروقت یقینی بنائیں اور ممکنہ نشیبی علاقوں میں بسنے والے افراد اور مویشیوں کا انخلا بروقت یقینی بنایا جائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام ادارے ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھیں۔ مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔

انھوں نے کہا کہ بروقت اقدامات کرکے ہی نقصانات ست بچا جا سکتا ہے۔ شہری دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے سیالکوٹ کا بھی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان کے ہمراہ سیلاب کی صورت میں ریسکیو اینڈ ریلیف کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا۔

انھوں نے نالہ بھیڈ اور اربن فلڈ ریلیف کیمپس کا معائنہ بھی کیا۔اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب مرکزی کنٹرول روم کے مطابق دریائے چناب اور ریجن میں بہنے والے ندی نالوں میں پانی کی موجودہ صورتحال کنٹرول میں ہے۔

انھوں بے بتایا کہ ہیڈ مرالہ سے 11 لاکھ کیوسک پانی گزرنے کے گنجائش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع کو سیلاب میں استعمال ہونے والا ضروری مشینری / آلات اور خیمہ جات فراہم کر دیے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ پنجاب کے چند اضلاع میں وقفے وقفے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیاکہ  آج لاہور ، راولپنڈی ، جہلم، اٹک، چکوال، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مصنف کے بارے میں