عام انتخابات :جنگلی بھیڑیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی

عام انتخابات :جنگلی بھیڑیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی
سورس: File

میڈرڈ:  اسپین میں تیئیس جولائی کے عام انتخابات آئبیرین نسل کے جنگلی بھیڑیوں کی بقا کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو سکتے ہیں۔ ہسپانوی پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اقتدار میں آ کر ان بھیڑیوں کے شکار کی دوبارہ اجازت دے دے گی۔

جزیرہ نما آئبیریا کے ملک اسپین میں رواں ماہ ہونے والے قومی الیکشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے اپنا انتخابی منشور رواں ہفتے ہی جاری کیا، جو ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سرگرم کارکنوں کے لیے حیران کن ثابت ہوا۔

پیپلز پارٹی نے اپنے منشور میں  جنگلی بھیڑیوں کے شکار کی دوبارہ اجازت دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نوع کی جنگلی حیات کے شکار کی ہمارے معاشرے کے بہت بڑے حصے کی ثقافتی میراث کے طور پر جڑیں بہت گہری ہیں۔

 پارٹی نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ ان بھیڑیوں کے شکار کی دوبارہ اجازت دیتے ہوئے اس عمل کو متوازن بنانے کے لیے اقدامات بھی کرے گی۔ لیکن کس طرح کے اقدامات، اس بارے میں انتخابی منشور میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ آئبیرین جنگلی بھیڑیوں کی نسل کو اسپین میں قانونی تحفظ حاصل ہے۔ دریائے دُورو سے شمال کی طرف کے علاقوں میں ان بھیڑیوں کے شکار کی 2021ء تک اجازت تھی۔ پھر حکومت نے ان جنگلی جانوروں کے شکار پر ملک گیر پابندی لگا دی تھی کہ ان کی نسل ختم ہو جانے کے خطرے سے دوچار ان جانوروں کی بقا کو یقینی بنایا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں