کابل : افغانستان کے سابق فوجی جنرل، لیفٹیننٹ جنرل سید سمیع سادات نے انکشاف کیا ہے کہ افغان طالبان بھارت سے مالی امداد حاصل کر کے پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان بھارت سے مالی مدد لیتے ہیں جو پاکستان کے خلاف کام کرنے والے دہشت گرد گروپوں جیسے فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) اور بلوچ علیحدگی پسندوں کو فراہم کی جاتی ہے۔
سابق جنرل سمیع سادات کے اس بیان سے افغان طالبان اور بھارت کے درمیان قریبی تعلقات اور پاکستان مخالف سرگرمیوں میں تعاون کا پتہ چلتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان ان گروپوں کی مالی مدد کرتے ہیں جو پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں ملوث ہیں، جس سے خطے میں دہشت گردی کی فضا مزید پیچیدہ ہو رہی ہے۔
یہ انکشاف وزیر دفاع خواجہ آصف کے اس بیان کی تصدیق کرتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ افغان طالبان بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ افغان جنرل کا یہ بیان پاکستان کے مؤقف کو مزید تقویت دیتا ہے کہ خطے میں دہشت گردی افغان طالبان اور بھارت کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔