اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کے اختیارات اور فرائض کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت کر دی ہے تاکہ کمیشن کی کارکردگی کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے کہا کہ کمیشن کی کارکردگی کی تیسرے فریق سے جانچ پڑتال کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیرف کے نظام کے تقاضے پورے کرنے کے لیے کمیشن کو موثر اور جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے، اور کمیشن کے پاس تمام زمینی حقائق اکٹھا کرنے کی مکمل صلاحیت ہونی چاہیے۔وزیراعظم نے کہاپاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کے اپیلیٹ ٹریبونل کو فوری فعال کرنے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ نئی ہدایات پر پیشرفت کی تفصیلی رپورٹ اگلے ماہ دی جائے گی۔