Get Alerts

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس، بھارتی پراکسیز کے خلاف جامع کارروائیوں پر زور

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس، بھارتی پراکسیز کے خلاف جامع کارروائیوں پر زور

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی  صدارت میں  کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں ملک کی داخلی و خارجی سلامتی، خطے کی صورتحال اور دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد گروہوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز کے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

فورم نے واضح کیا کہ پاکستانی عوام کا تحفظ اور سلامتی مسلح افواج کی اولین ترجیح ہے، اور بھارت کی جانب سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے عناصر کے ذریعے تخریبی ایجنڈے کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا۔شرکا نے زور دیا کہ بھارتی پراکسیز کے خلاف فیصلہ کن اور مربوط کارروائیاں ناگزیر ہیں۔
بین الاقوامی دوروں اور سفارتی سرگرمیوں پر بریفنگ

فورم کو آرمی چیف اور وزیراعظم کے حالیہ ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور یو اے ای کے کامیاب دوروں پر بریفنگ دی گئی۔مزید برآں، آرمی چیف کے تاریخی دورہ امریکہ کے دوران اعلیٰ امریکی قیادت سے براہ راست بات چیت میں پاکستان کے مؤثر مؤقف، دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کی تفصیلات بھی شرکا کے سامنے رکھی گئیں۔
خطے میں سکیورٹی چیلنجز اور عالمی تناظر

فورم نے مشرق وسطیٰ اور ایران میں جاری پیش رفت کے تناظر میں پاکستان کی داخلی و خارجی سلامتی پر غور کیا۔
طاقت کے استعمال کو ترجیحی پالیسی ٹول بنانے کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فورم نے کہا کہ یہ رجحان قومی خود انحصاری اور اتحاد کی ضرورت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر بھارت کی جانب سے فوجی کشیدگی میں تیسرے فریق کی شمولیت اور بلاک سیاست کو گمراہ کن کوشش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں خود کو "نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر" کے طور پر پیش کر رہا ہے، جو ایک خود ساختہ اور گمراہ کن دعویٰ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا انتہاپسندی سے بدظن ہو چکی ہے۔
پاکستان فوج کی تیاریوں پر مکمل اعتماد

فورم کو جنگ کے بدلتے رجحانات، چیلنجز اور پاک فوج کی حکمت عملی و تکنیکی جدت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے پاک بحریہ اور فضائیہ کی ٹرائی سروس ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے ملک کو درپیش خطرات کے خلاف پاک فوج کی مکمل آپریشنل تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ٹیگز: