پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں فائرنگ کے ایک دلخراش واقعے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما مولانا خان زیب جاں بحق ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔
مولانا خان زیب اپنے دیگر رفقاء کے ہمراہ امن مارچ کی تیاریوں میں مصروف تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ساتھی موقع پر شہید جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
شدید زخمی حالت میں مولانا خان زیب کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے پر عوامی نیشنل پارٹی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما میاں افتخار حسین کے مطابق، اس دوران تمام تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔