وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج 

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج 

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف پر مقدمہ درج کرنے سے متعلق کارروائی کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے اور اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق رجسٹرار آفس نے پنجاب حکومت کی جانب سے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے اور مقدمے کی سماعت جسٹس امجد رفیق کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے اپنی اپیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما میاں اسلم اقبال کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ سیشن کورٹ کا وزیراعلیٰ سمیت دیگر کے خلاف کارروائی کا حکم قانون کے منافی ہے، لہٰذا لاہور ہائیکورٹ قانونی کارروائی سے متعلق سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ درخواست گزار میاں اسلم اقبال نے لانگ مارچ کے دوران پولیس چھاپے اور ہراساں کئے جانے پر سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے پولیس کو وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری، ڈپٹی کمشنرلاہور سمیت دیگر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں