نیویارک: معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی میڈیا نے "آپریشن سندور" کے دوران پاکستان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلائیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی چینلز نے ویڈیو گیمز، غیر ملکی جنگی مناظر اور فرضی دعوؤں کو حقیقت بنا کر پیش کیا۔
اخبار کے مطابق زی نیوز، آج تک، این ڈی ٹی وی اور ٹائمز ناؤ سمیت بڑے اداروں نے ایسے جھوٹے ویژولز نشر کیے جن میں پاکستان پر حملے، کراچی پر قبضے اور پاکستانی وزیراعظم کے ہتھیار ڈالنے جیسے بے بنیاد دعوے شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی حکومت کی سرپرستی میں میڈیا کو گمراہ کن خبریں چلانے کے احکامات دیے گئے، جبکہ فوجی ادارے خاموش رہے۔ سچ بولنے والے صحافیوں کو گرفتار کیا گیا اور عالمی میڈیا پر پابندیاں عائد کی گئیں۔
واشنگٹن پوسٹ نے لکھا: “بھارتی نیوز چینلز جھوٹ گھڑنے والوں کے قبضے میں ہیں۔” عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔