Get Alerts

آپریشن سندور: بھارتی فیک نیوز بے نقاب، پاکستان کا ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی جواب

آپریشن سندور: بھارتی فیک نیوز بے نقاب، پاکستان کا ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی جواب

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے "آپریشن سندور" کے تحت پاکستان کے خلاف پھیلائے گئے جھوٹے دعووں، اشتعال انگیز پروپیگنڈے اور ڈیپ فیک ویڈیوز کا پاکستان نے بروقت اور مدلل انداز میں جواب دے کر بھارت کی جنگی مہم جوئی کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک اہم پریس بریفنگ میں بھارتی دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ نہ صرف پاکستان کے کسی بھی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا بلکہ بھارتی میڈیا کی طرف سے پھیلائی گئی افواہیں حقائق کے سراسر منافی ہیں۔

بھارتی میڈیا اداروں  جن میں این ڈی ٹی وی، نیوز 18 اور دیگر گودی چینلز شامل ہیں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے دو جنگی طیارے مار گرائے اور ایک پاکستانی پائلٹ کو گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ یہ سنسنی خیز افواہ بھی پھیلائی گئی کہ پاکستان کے جوہری اثاثوں پر حملہ کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے ان دعوؤں کے رد میں ریڈار ریکارڈز، فلائٹ ڈیٹا، سیٹلائٹ تصاویر اور دیگر ناقابل تردید شواہد پیش کیے۔ بین الاقوامی میڈیا، فیکٹ چیک اداروں اور اقوام متحدہ کے ماتحت جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) نے بھی بھارتی میڈیا کی رپورٹس کو جھوٹا قرار دیا۔

پاکستانی عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا نے ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے جعلی ویڈیوز بھی تیار کیں جن میں ڈی جی آئی ایس پی آر کے جعلی بیانات شامل تھے، تاکہ عوام اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کیا جا سکے۔

مزید برآں، بھارتی بحریہ کی طرف سے کراچی بندرگاہ پر حملے کا ڈرامہ رچایا گیا، جس کا نہ کوئی ثبوت پیش کیا گیا اور نہ ہی کسی عالمی ادارے نے تصدیق کی۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کا یہ رویہ نہ صرف علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ عالمی سطح پر اس کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ اس کے برعکس، پاکستان نے اعلیٰ پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے شفافیت کے ساتھ بین الاقوامی میڈیا اور مبصرین کو مبینہ حملے کے مقامات تک رسائی دی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر اور دیگر عسکری حکام کی پریس بریفنگز میں واضح کیا گیا کہ اگر پاکستان پر کوئی جارحیت مسلط کی گئی تو ردِعمل نہ صرف فوری ہوگا بلکہ فیصلہ کن بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کا مؤقف ہے کہ آج کے ہائبرڈ وار فئیر کے دور میں فیک نیوز ایک ہتھیار کے طور پر استعمال ہو رہی ہے، جسے بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ٹیگز: