اسلام آباد: وزیراعظم شہبا زشریف نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر اتحاد اور مشترکہ حکمتِ عملی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان بجٹ اور معاشی فیصلوں پر وسیع مشاورت کی گئی، جس کے نتیجے میں تمام فیصلے پاکستان کے بہترین مفاد میں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ہفتوں پر محیط مشاورت کے دوران صوبوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ پروگرام پر عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت میکرو سطح پر معاشی استحکام موجود ہے اور حکومت کی بہتر حکمت عملی کے باعث تیل کی قلت جیسے بحران پیدا نہیں ہوئے۔ وزیراعظم کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کیا اور ایندھن کی دستیابی کو یقینی بنایا۔
دہشتگردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک بڑا قومی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے یکسوئی، وسائل کی فراہمی اور قومی اتحاد ناگزیر ہیں۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔
وزیراعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی معاملات میں “ٹیم ورک” کے ذریعے ہی بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔