کمیونسٹ پارٹی کے شی جن پنگ تیسری مدت کے لیے چین کے صدر منتخب

کمیونسٹ پارٹی کے شی جن پنگ تیسری مدت کے لیے چین کے صدر منتخب

بیجنگ: کمیونسٹ پارٹی کے شی جن پنگ  تیسری مدت کے لیے چین کے صدر منتخب ہو گئے۔ شی جن پنگ 5 سال کے لیے صدر منتخب ہوئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق شی جن پنگ سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین بھی منتخب ہوئے ہیں۔انہیں نیشنل پیپلز کانگریس کے تقریباً 3 ہزار ممبران نے متفقہ ووٹ دیا۔

 انہتر سالہ صدر شی کے خلاف صدارت کے لیے کوئی امیدوار مدِ مقابل نہیں تھا۔ جمعے کو رسمی ووٹنگ کا عمل ایک گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد 15 منٹ کے اندر الیکٹرانک کاؤنٹگ کا عمل مکمل کیا گیا۔

واضح رہے کہ صدر شی نے گزشتہ برس اکتوبر میں آئندہ پانچ برس کے لیے خود کو پارٹی کا جنرل سیکریٹری منتخب کرا لیا تھا۔ شی کے اس انتخاب سے 10 سال بعد اقتدار کی منتقلی کی روایت بھی ٹوٹ گئی تھی۔

صدر شی نے 2018 میں آئین سے صدارت کے لیے دو مرتبہ کی حد بھی ختم کر دی تھی جس کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ صدر شی تاحیات اقتدار میں رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔