لاہور : ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں آج 20 رمضان المبارک (منگل) بعد نماز عصر سے لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ اس دوران معتکفین ہزار راتوں سے افضل شب، لیلۃ القدر تلاش کریں گے اور عید الفطر کا چاند نظر آنے پر اعتکاف ختم کیا جائے گا۔
معتکفین نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، مساجد میں مزید رونقیں بڑھ جائیں گی جبکہ خواتین اپنے گھروں میں اعتکاف کریں گی۔ مساجد کی کمیٹیوں نے معتکفین کے لیے خصوصی انتظامات کے ساتھ سحری اور افطار کی سہولیات بھی فراہم کر دی ہیں۔
رواں سال انفرادی اعتکاف کے ساتھ مختلف دینی جماعتوں اور اداروں کی جانب سے اجتماعی اعتکاف کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ داتا دربار مسجد میں تقریباً 1,600 افراد اعتکاف کریں گے، تاریخی بادشاہی مسجد میں 800 افراد، اور جامع مسجد القادسیہ چوبر جی، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ اور جامع مسجد شہداء سمیت دیگر مساجد میں بھی ہزاروں افراد اعتکاف میں شریک ہوں گے۔ داتا دربار میں معتکفین کے قیام اور طعام کے اخراجات محکمہ اوقاف برداشت کرے گا۔
واضح رہے کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے اس سال اپنا اجتماعی اعتکاف ملتوی کر دیا ہے۔ منہاج القرآن کی جانب سے گزشتہ 35 سال سے مسلسل اجتماعی اعتکاف منعقد ہوتا رہا تھا۔